نئی دہلی، 21؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) منگل کو وی ایم میں چھیڑ چھاڑ کے مسئلہ کو لے کر راجیہ سبھا میں ہنگامہ ہوا ہے۔بی ایس پی سپریمو اور ممبر پارلیمنٹ مایاوتی نے ایوان میں اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں اتر پردیش اسمبلی کے لیے اختتام پذیر انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم)کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے عوام کی پسند کے ہونے چاہیے ، ای وی ایم کی پسند کے نہیں۔وہیں حکمران فریق کے ارکان نے مایاوتی کے اس تبصرے کی شدید مخالفت کی ہے۔مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے مایاوتی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہیے، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے انہیں ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بدھ کو بحث ہونی ہے اور اس معاملے پر اس وقت بحث کی جا سکتی ہے۔اس کے بعد ہنگامے کی وجہ سے راجیہ سبھا کی کاروائی دوپہر 2بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں واضح اکثریت سے بی جے پی کی جیت کے بعد سے ہی بی ایس پی سپریمو مایاوتی اور کانگریس سمیت عام آدمی پارٹی نے ای وی ایم میں گڑبڑی کے الزامات لگائے تھے۔اتر پردیش میں بی جے پی اتحاد کو 403میں سے 325سیٹوں پر کامیابی ملی تھی اور بی ایس پی محض 19سیٹوں پر سمٹ کر رہ گئی تھی۔